باجوڑ، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک

پشاور : باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں خطرناک دہشت گرد کالعدم داعش کا کمانڈر سبحان ہلاک ہوگیا ۔ایس پی سی ٹی ڈی امجد خان نے لوئر دیر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ باجوڑ میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر باجوڑ کے علاقہ ماندل خوڑ شیخ مینو میں مشترکہ آپریشن کیا، جس میں داعش کمانڈر سبحان عرف عثمان مارا گیا جو سیکورٹی اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا، آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گرد کے ساتھی فرار ہوگئے۔امجد خان نے بتایا کہ دہشت گرد نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں داعش کمانڈر مارا گیا، قبضے سے ایک کلاشنکوف، تین چارجرز، 25کار توس اور 3ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔ایس پی سی ٹی ڈی نے بتایاکہ ہلاک کمانڈر ٹارگٹ کلنگ اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ خیبر پختونخوا حکومت نے مذکورہ کمانڈر کی سر کی قیمت 2ملین روپے مقرر کی ہوئی تھی۔