پی ٹی آئی اوور سیز سوشل میڈیا کے لوگ ملکی دفاعی اداروں کے خلاف زہریلا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں

لاہور:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئینی مدت پوری ہونے پر الیکشن بروقت ہوں گے،90روز کے اندر الیکشن کا فیصلہ سیاسی تھا آئینی اور قانونی نہیں،وہ لوگ جنہوں نے مئی کے واقعات میں جرم کیا ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، کسی ایک پارٹی کے پاس صلاحیت نہیں کہ اکیلے پاکستان کو مشکلات سے نکال سکے،پی ٹی آئی اوور سیز سوشل میڈیا کے لوگ جس طرح ملکی دفاعی اداروں کے خلاف زہریلا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں کوئی بھی محب وطن ان کی حمایت نہیں کرے گا، آج ہمیں ایک ہو کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا، ٹیکنالوجی کی دنیا میں تبدیلی آرہی ہے اور ہمیں آگے بڑھنے کیلئے خود کو جدید خطوط کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔وہ پیر کے روز یہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ارفع کریم ٹاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان جہاں کھڑا ہے کسی ایک لیڈر یا کسی ایک پارٹی کے پاس صلاحیت نہیں کہ تنہا پاکستان کو مشکلات سے نکال سکے ،آج ہمیں ایک ہو کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا،پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے،کوئی شخص اگر نوجوانوں کو بار بار کہے گا کہ ہم غلام ہیں تو اس کی دماغی حالت کیا ہو جائے گی،ایک ایٹمی طاقت کے نوجوان کیسے غلام ہو سکتے ہیں، کوئی ہمیں غلام بنانے کا نہ سوچے ہم ایک آزاد قوم ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ آ گے بڑھنے کیلئے خود کو جدید خطوط کے مطابق ڈھالنا ہوگا،نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لیپ ٹاپ دئیے،پاکستان میں فری لانسنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے،فیصلہ کیا ہے کہ دوبارہ نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ سکیم شروع کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کے وہ تما م اصول اور کلیے جنہوں نے انسانی تر قی کا پیما نہ طے کیا وہ اب نا کا م ہو رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ انہیں آج لیڈنگ آئی ٹی یونیورسٹی دیکھنے کا موقع ملا ،پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، آج سے چند سال پہلے نوکیا اور بلیک بیری موبائل فون مارکیٹ کے بادشاہ تھے،آج نوکیا اور بلیک بیری ٹیلی کمیونیکیشن کے عجائب گھر کا حصہ ہیں کیونکہ انہوں نے بدلتے ماحول اور ٹیکنالوجی کے ساتھ خود کو اپ ڈیٹ نہیں کیا اب مقابلہ بہت سخت ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر روز ٹیکنالوجی کی دنیا میں تبدیلی آرہی ہے،تبدیلی کو قبول کرنا چاہیے تاکہ وقت کے ساتھ چلا جا سکے، ہم نے یہ سب دیکھتے ہوئے ماضی میں اپنی حکومت میں وژن 2025 پلان کیا تھا اور یہ اس وقت جب ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ ،معاشی بحران اور لا اینڈ آرڈر کی حالت خراب تھی، ہمیں یقین تھا کہ اس میں کامیاب ہو پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایجوکیشن، ہیومن ریسورس اور یوتھ کو ڈیجیٹلائزیشن میں با اختیار کرنے کے مقصد کے تحت 2017-18 میں4 نیشنل سینٹرز قائم کئے اور اس ٹارگٹ کے حصول کیلئے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جس سے استفادہ کر کے ای لانسنگ کے ذریعے نوجوان گھر بیٹھے آن لائن پیسے کما رہے ہیں