کوہاٹ میں پاک فوج کے ساتھ زبردست اظہار یکجہتی، جوانوں کو ہار پہنائے گئے، گل پاشی

کوہاٹ: کوہاٹ میں پاک فوج کے ساتھ زبردست اظہار یکجہتی کی گئی جوانوں کو ہار پہنائے گئے اور گل پاشی کی گئی۔ اس سلسلے میں پراپرٹی ایسوسی ایشن اور مسلم لیگ کے ورکروں کی جانب سے علی ٹاؤن سے ریلی برآمد ہوئی۔بائی پاس اور ہنگو روڈ سے ہوتی ہوئی کوہاٹ کینٹ کے مقام پر پہنچی اور فوجی جوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔قبل ازیں ریلی کی قیادت سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس آفریدی اور کوہاٹ ڈویڑن پراپرٹی ایشن کے صدر شاہد محمود ٹھیکیدار کر رہے تھے۔ ریلی میں کوہاٹ ڈویڑن کی تمام پراپرٹی ایسوسی ایشن کی تنظیموں،ن لیگ کے ورکرز نے شرکت کی۔ ریلی کوہاٹ چھاؤنی کے مقام پر پہنچی جہاں فوجی جوانوں کو ہار پہنائے گئے اور گل پاشی کی گئی۔ریلی کے شرکا نے عباس آفریدی اور شاہد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین اور جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا اس وقت پاکستان کو اندرونی و بیرونی سازشوں کا سامنا ہے ایسے میں فوج مخالف قوتوں کے عزائم کو سبوتاش کرنا ہوگا۔ مقررین نے مزید کہا کے پاک فوج پر جان بھی قربان ہے پاک فوج ملک کی ضامن ہے۔ایک پارٹی کی طرف سے پاک فوج کے خلاف جو سازش کی گئی وہ بیرونی آقاوں کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا انہوں نے کہا پی ٹی آئی پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے پابندی لگا دی جائے۔