بھارت میں خواتین غیر محفوظ

بھارت : بھارت کے زیادہ تر شہروں میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے اور اسی لیے خواتین گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرتی ہیں۔ بھارت میں آئے روز جنسی زیادتی اور تیزاب گردی کے کئی واقعات سامنے آتے ہیں لیکن ان نازک حالات میں خواتین کو گھر سے باہر تو دور گھر کے اندر بھی تحفظ حاصل نہیں ہے۔حال ہی میں بھارت میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا جس نے سفاکیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔ بھارتی ریاست مدھی پردیش میں اہل خانہ اور رشتہ داروں نے دوسرے قبیلے کے مرد سے تعلقات استوار کرنے کے الزام میں نوجوان لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور گاؤں میں نیم عریاں حالت میں گھمایا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد بھارت میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو گرفتا کرکے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ متعدد افراد جواں سالہ لڑکی کو نیم عریاں حالت میں ڈنڈیوں سے سر عام پیٹ رہے ہیں۔ڈنڈیاں پکڑے نصف درجن سے زائد مرد لڑکی کے پیچھے ہیں اور وقفے وقفے سے انہیں ڈنڈیاں مار رہے ہیں اور ساتھ ہی لڑکی کے لیے نامناسب زبان کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے علاقے علی راجپور ضلع کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔جہاں لڑکی کو سرِعام راستے میں ہی نیم عریاں کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سخت تنقید یی گئی جس کے بعد پولیس نے بھی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاہم واقعے میں ملوث لوگوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔پولیس نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ لڑکی کو مخالف قبیلے کے مرد کے ساتھ رومانوی تعلقات استوار کربے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔