چین اور ایران کے درمیان پیٹرولیم انڈسٹری میں تعاون پر اتفاق

تہران :چین نے کسی بھی ملک کیلئے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ چین اور ایران کے درمیان پیٹرولیم انڈسٹری میں تعاون پر اتفاق طے پایا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق چین کی جانب سے ایرانی کی پیٹرولیم انڈسٹری اور دیگر شعبوں کیلئے 280 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ جبکہ چین کی جانب سے چین کے مواصلاتی نظام کی بہتری کیلئے بھی 120 ارب ڈالرز کی مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ چین ایران کے تیل و گیس کے شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ چین ایران کے تیل کے ذخائر تک رسائی حاصل کرکے اپنے توانائی کے ذخائر میں مزید اضافہ کرنے کا خواہاں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 25 سالہ معاہدہ طے کیا جائے گا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ تاریخی معاہدہ کب طے پائے گا۔اس معاہدے کو ایران کی مغربی طاقتوں کیخلاف بڑی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے پر عمل درآمد ہونے کی صورت میں ایران اپنی مصنوعات کو چین کی مدد سے بین الاقوامی مارکیٹوں تک لے جا سکے گا۔ جبکہ چین کی اس سرمایہ کاری سے ایران کے 2 سلامتی کونسل کے مستقل اراکین چین اور روس سے تعلقات مزید مضبوط ہو جائیں گے۔ ایران اور چین کا یہ معاہدہ ون بیلٹ ون روڈ میگا منصوبے کا ہی حصہ ہوگا۔