سی ڈی ڈی تھانہ کبل دھماکے تخریب کاری نہیں

سوات:انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان کا دورہ کبل سوات۔آئی جی پی نے دھماکوں سے متاثرہ کبل سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن اور دیگرعمارتوں کا معائنہ کیا۔ سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کبل دھماکہ میں شہید پولیس جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔سیدو شریف ہسپتال میں زخمیوں کی عیاد ت کی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے گزشتہ شب دھماکہ میں منہدم ہونے والے سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کبل کی جگہ کا دورہ کیا ڈی آئی جی مالاکنڈ ناصر محمود ستی اور ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے آئی جی پی کو بریفنگ دی ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سہیل خالد بھی اس موقع پر موجود تھے۔پولیس لائنز کبل میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن دھماکہ کے شہداء کا نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کیا گیا پولیس کے اعزازی دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔جنازے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان، کور کمانڈر لیفٹنٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات، آئی جی ایف سی فرنٹئیر کور میجر جنرل نور ولی خان، ڈی آئی جی ناصر محمود ستی اور سہیل خالد، کمشنر مالاکنڈ شاہداللہ خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور لوئر دیر طارق اقبال مئیر سوات سمیت دیگر سیاسی، سماجی شخصیات اور مقامی افراد نے بھر پور شرکت کی۔سبز ہلالی پرچم میں لپٹے شہداء کے جسد پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یاکہ واقع میں اب تک شہیدہونے والوں کی تعداد 17 جبکہ زخمیوں کی تعداد 52 ہے۔ جان بحق ہونے والوں میں سی ٹی ڈی کی تحویل میں 5 ملزمان بھی شامل ہیں۔ابتدائی تحقیقات سے واقعہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ کوت میں موجود اسلحہ اور وقتاً فوقتاً مختلف کارروائیوں میں قبضہ کئے گئے گولہ بارود کے پھٹنے سے ہوا ہے۔صوبائی حکومت نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ ثاقب اسماعیل میمن اور ہوم سیکرٹری صوبہ خیبرپختونخوا عابد مجید خان پر مشتمل دو رکنی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔مزید کہاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ہر پہلو سے تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔انسپکٹر جنرل پولیس نے بعد میں سیدو شریف ہسپتال کا دورہ بھی کیا جہاں وہ دھماکہ کے زخمیوں سے ملے۔ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے زخمیوں کو دی گئی سہولیات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔