شمالی و جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی:شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوج نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگاکرایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔جنوبی وزیرستان کے ضلع کرامہ میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید مقابلے میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتہ لگایا، جس میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران نائیک فضل جانان عمر 32 سال ساکن ڈسٹرکٹ ہنگونے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت نوش کیا۔علاقے کو کلئیر کیاجا رہا ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔