پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور : ملک میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی ہوشربا 50 فیصد ہو گئی، پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارچ 2023 میں ملک میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی 50 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 35 فیصد سے زائد رہی، جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔ جبکہ پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک سال میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں مہنگائی کی شرح میں3.72فیصد کا اضافہ ہوا ، یوں گزشتہ ماہ میں افراط زر کی شرح 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر آ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق فروری 2023 میں افراط زر کی شرح31.5فیصد کی بلند ترین سطح پر تھی جس کے بعد اگلے ہی مہینے مارچ میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس مارچ کے مہینے میں افراط زر کی شرح12.7 فیصد تھی۔ جبکہ رواں مالی سال کے 9 ماہ کی مہنگائی کی شرح 27.26 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ مارچ 2023 کے دوران شہروں میں مہنگائی کی شرح 33 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 38.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں فروٹ، سبزیاں، مشروبات، آٹا، گندم، گھی اور خوردنی تیل مہنگا ہوا، کپڑے، گھریلوسامان، گاڑیاں، بجلی، برقی آلات، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی آسمان کی بلندی پر پہنچ گئی ہیں۔جبکہ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کے بھی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 47.28 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ ہفتے میں 11اشیاء سستی اور 17 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ انڈے 17روپے 26پیسے فی درجن، مٹن 35روپے 67پیسے ، کیلے 16روپے 32پیسے فی درجن ، چینی ایک روپے 85پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی ہے۔ایک ہفتے میں آٹے کا 20کلو تھیلا 40 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا۔ چائے کا 190گرام پیکٹ 8 روپے 98پیسے مہنگا ہوا۔ باسمتی چاول 2 روپے 17پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ۔حالیہ ہفتے میں بیف 7 روپے 28پیسے، لہسن 2روپے 84 فی کلو مہنگے ہوگئے ہیں۔پیاز 19روپے 76پیسے ، برائلر مرغی 44روپے 38پیسے، ٹماٹر 10روپے 28 پیسے فی کلو، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 12 روپے 12پیسے سستے ہوئے۔