مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، شرح 47 فیصد سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 47.28فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں انڈے ، چینی، آٹے ،چائے کی پتی سمیت 23اشیاء مہنگی ہوگئیں۔ اے آروائی نیوز کے مطابق ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 47.28 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حالیہ ہفتے میں 11اشیاء سستی اور 17 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ انڈے 17روپے 26پیسے فی درجن، مٹن 35روپے 67پیسے ، کیلے 16روپے 32پیسے فی درجن ، چینی ایک روپے 85پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے میں آٹے کا 20کلو تھیلا 40 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا۔چائے کا 190گرام پیکٹ 8 روپے 98پیسے مہنگا ہوا۔ باسمتی چاول 2 روپے 17پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ۔حالیہ ہفتے میں بیف 7 روپے 28پیسے، لہسن 2روپے 84 فی کلو مہنگے ہوگئے ہیں۔پیاز 19روپے 76پیسے ، برائلر مرغی 44روپے 38پیسے، ٹماٹر 10روپے 28 پیسے فی کلو، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 12 روپے 12پیسے سستے ہوئے۔ دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہو گیا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی ۔بینک دولت پاکستان کے مطابق جمعہ کو 13پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر283.79 روپے پر جا پہنچی جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر55 پیسے مہنگا ہوا جس سے ڈالر کی قیمت فروخت 283.70 روپے سے بڑھ کر 284.25 روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر286.50 روپے پر بدستور برقرا ر رہی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں50 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 311 روپے سے گھٹ کر310.50 روپے ہو گئی جبکہ 1.30روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 352 روپے سے بڑھ کر353.30 روپے پر جا پہنچی۔