پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بَلوم کا خیبرپختونخوا کادورہ

اسلام آباد:پاکستان میں امریکاکے سفیر ڈونلڈ بَلوم نے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ امریکا کی شراکت کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں صوبے کادورہ کیا۔ منصوبے کا مقصد معاشی نمو، تعلیم، سلامتی اور ثقافتی تحفظ سے متعلق اقدامات کرتے ہوئے صوبہ کے عوام کے ساتھ امریکا کی شراکت کو مزید مضبوط کرنا تھا۔جمعہ کو امریکی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی شراکت کی مضبوطی کے اقدامات کے تحت سفیر بلَوم اور صوبائی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی شاہ محمود خان نے 2کروڑ 40 لاکھ ڈالر پر مبنی امریکی معاونت سے ایک منصوبہ کا افتتاح کیا جس کے تحت شعبہ زراعت اور چھوٹے اور درمیانہ درجہ کےتجارتی ادارو ں کو مضبوط اور جدید خُطوط پر استوار کرنے پر کام کیا جائے گا۔اس موقع پر سفیر بلَوم نے ایف ایف اسٹیل میں کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران صوبہ میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ ماحولیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔تعلیمی سرگرمیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے سفیر بَلوم نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ امریکا مردان اور چارسدہ میں انگریزی زبان میں روانی اور دیگر پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کے لیے خیبر پختونخوا کے 215 طالبعلموں کو وظائف فراہم کر رہاہے۔ 2019ء سے لیکر اب تک امریکا نے کے پی میں انگریزی زبان کی تعلیم کے لیے 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ معاونت فراہم کی ہے جس سے صوبہ کے ساڑھے تین ہزار طالبعلموں اور اساتذہ نے استفادہ کیا ہے۔سفیر بَلو م نے اکبرپورہ میں امریکی حکومت کے تعاون سے بحال ہونے والے ایک ثانوی اسکول کا افتتاح بھی کیا۔یہ سکول 2010ء کے تباہ کُن سیلاب سے متاثر ہوا تھا۔امریکا نے اسکول کی تعمیر نو پر 15 لاکھ ڈالر خرچ کیے ہیں، وہاں پر 50 اساتذہ ملازمت کرتے ہیں اور 1100طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔ مزید برآںسفیر نے ایک لڑکیوں کے سکو ل کا بھی دورہ کیا جہاں پر امریکی حکومت کی اعانت سے افغان مہاجرین اور میزبان آبادیوں کے بچیوں کے داخلہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ امریکی حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین اور اُن کی میزبان آبادیوں کے لیے 2022ء میں فراہم کی جانے والی چھ کروڑ ڈالر کی معاونت کا حصہ ہے۔امریکی سفیر نے تاریخی قلعہ بالاحصار میں فرنٹیئر کور کے پی شمالی کے میجر جنرل سے ملاقات کی اور نئے ضم ہونے والے اضلاع میں امریکی حکومت کے تعاون سے8مشترکہ چیک پوسٹوں کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔ دوسرے روز سفیر بلَوم نے انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان سے ملاقات کی اور کے پی پولیس اور ان کو حاصل سہولیات میں امریکی معاونت سے متعلق بات چیت کی۔سفیر نے پشاور کی مسجد میں 30 جنوری کو ہونے والے بم دھماکہ میں اہلکاروں اور عام شہریوں کی اموات پر بھی تعزیت کا اظہار اور خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے اُن سے اظہار تشکر کیا۔سفیر بلَوم کا دورہ خیبر پختونخوا میں ثقافتی سرگرمیوں پر اختتام پذیر ہوا، جس میں پشاور کے مرکز میں مسجد مہابت خان کا دورہ بھی شامل تھا۔ واضح رہے کہ 2002ء سے2003ء کے دوران امریکا نے مغلیہ دور کی اس مسجد کی زیریں دیواروں کی تزئین و آرائش کے لیے14ہزار ڈالر کی اعانت فراہم کی تھی۔امریکی سفیر کھانوں اور ثقافتی روایتوں کی پذیرائی کرنے والے مشہور شاہ جی کے ساتھ ایک مقامی طعام گاہ پر ملاقات کے دوران کے پی کے مقامی پکوانوں سے بھی لُطف اندوز ہوئے۔ اپنے دورے کے اختتام پر انہوں نے خواتین کے حقوق کی تاریخ کے مہینے کے افتتاح کی نسبت سے قونصل خانہ میں منعقد ہونے والی ایک فلم کی نمائش میں تبادلہ پروگراموں کے ایلومنائی کا خیر مقدم کیا۔ یہ سرگرمیاں رواں ماہ کے اختتام تک جاری رہیں گی۔