قبائلی عوام محب وطن ہیں

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانی ساجد حسین طوری کی سربراہی میں قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے مشران جرگہ نے ملاقات کی جس میں قبائلی اضلاع کو درپیش چیلنجزز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے ،قبائلیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کا حل موجودہ پارلیمان کی اولین ترجیح ہے،قبائلیوں کے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کیا جا سکتا ہے ،سابق فاٹا کے عوام کے جذبات اور احساسات قابل قدر ہیں،سابق فاٹا کے جرگہ مشران کے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے قبائلی جرگہ عمائدین کو وزیر اعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ۔قبائلی عمائدین نے کہا کہ قبائلی اضلاع جن کا صوبے خیبرپختونخوا میں انضمام ہوا وہ اضلاع شدید مسائل کا شکار ہیں۔ جرگہ مشران کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کے عوام کو دیئے جانے والے فنڈز کی ترسیل میں شفافیت لائی جائے،قبائلی عوام نے ملک کی بقاء کی خاطر ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں ،قبائلی جرگہ کے ذریعے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے قبائلی مشران نے خون بہایا ہے،پاکستان کو دلدل سے نکالنے کے لئے قبائلی عوام کو ساتھ لے کر چلا جائے،قبائلیوں کے کوٹہ سسٹم کو بحال کر کہ ڈبل کیا جائے،قبائلی عوام محب وطن عوام ہیں ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔