ٹانک پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ پسپا

ٹانک : خیبرپختونخوا پولیس نے ٹانک میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ 10 سے 12 منٹ تک جاری رہی، علاقے کے لوگ پولیس کی مدد کو پہنچ گئے تاہم فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس معظم جاہ انصاری کا کہنا تھاکہ ٹانک پولیس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور حملہ پسپا کیا۔ان کا کہنا تھاکہ خیبر پختونخوا پولیس مستعد اور بیدار ہے اور صوبے میں ریڈ الرٹ ہے۔ آئی جی نے فون پر دہشت گرد حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس معظم جاہ انصاری نے تصدیق کی ہےکہ پولیس لائنز دھماکے کا کیس ٹریس ہوگیا اور ہیلمٹ سے ملنے والے سر کے بال حملہ آور کے ڈین این اے سے میچ کرگئے۔