اگلے 48 گھنٹوں میں تاحال بجلی کی کمی رہے گی

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی نے خرم دستگیر نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں تاحال بجلی کی کمی رہے گی، جس کی وجہ سے ملک میں محدود پیمانے پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرسوں تک مکمل بجلی بحال ہوگی کیوں کہ اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں جوہری اور کول پاورپلانٹس کی بندش کے باعث ملک میں بجلی کی کمی رہے گی، کوئلے کے پلانٹ کو 48 گھنٹے چلانے کے لیے درکار ہوتے ہیں، کراچی میں بھی بجلی جلد بحال کردی جائے گی اور پرسوں تک مکمل بجلی کی ترسیل کا عمل مکمل ہوجائے گا۔وزیر توانائی نے کہا کہ بریک ڈاون کی وجہ سے ہمیں تکنیکی فالٹ کا سامنا رہا، ہم ابھی بھی تکنیکی فالٹ کو درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پورے ملک میں بجلی بحال کردی ہے، چیئرمین واپڈا نے بجلی بحالی میں ہماری معاونت کی، وارسک پاوراسٹیشن سے بجلی کی ترسیل میں ہمیں ریلیف ملا، اب ملک بھرمیں ایک ہزار 112گرڈ اسٹیشنز بحال ہیں، گیپگو کے 60 گرڈ اسٹیشنز بحال کردیے ہیں، سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی گزشتہ روز بحال کردی تھی۔خرم دستگیر نے کہا کہ حیسکو کے تمام 71 گرڈ اسٹیشنز بحال کردیے ہیں، تربیلا اور منگلا کے درمیان کچھ تکنیکی مسائل پیش آئے ہیں، نیشنل گرڈ کے تمام اسٹیشنز بحال کرچکے ہیں، ترسیل کار کمپنیوں تک بجلی پہنچادی گئی ہے، کراچی پاور پلانٹ میں تفتیش کی تو معلوم ہواکہ پرانے کنڈ کٹرز لگائے گئے تھے، کچھ عرصہ بریک ڈاون کے واقعات ہوئے ہیں ہمیں ہیکنگ کے معاملے کودیکھنا ہوگا، سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعے بیرونی مداخلت کے امکانات کم ہیں، تحقیقات کریں گے کہ سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعے بیرونی مداخلت تونہیں تاہم تاہم ملک کا ترسیلی نظام محفوظ رہا ہے۔