آزادیِ اظہار رائے کی آڑ میں مسلم مخالف تشدد کو ہوا دینے کی سازش

اسلام آباد:پاکستان علما کونسل کے چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل سے دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا میں آزادی اظہار رائےکی آڑ میں مسلم مخالف تشدد کو ہوا دینے کی سازش ہو سکتی ہے۔انہوں نے سویڈن کی حکومت پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں ایسے شرمناک واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے اور انتہا پسندوں اور بنیاد پرست عناصر کو اسلامی مقدسات اور اقدار کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت نہ دے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کا اظہار رائے کی آزادی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت کسی کو بھی نفرت انگیز تقریر کرنے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادیاوردنیا کے دیگر تمام اہم عالمی اداروں کو اس پر اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں مذہبی تکثیریت پیدا کرنے کے لیے اس ضابطہ اخلاق پر سب کو عمل کرنا چاہیے۔