بنوں جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک ایک سپاہی شہید

راولپنڈی:سیکورٹی فورسز نے جانی خیل، بنوں کے عمومی علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ہمارے فوجی دستوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں4 دہشت گرد مارے گئے، پاک فوج نے ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی محمد وسیم (عمر 25 سال، ساکن خیرپور) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے تاکہ دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔