کرم: فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگردہلاک، پاک فوج کے 3 جوان شہید

راولپنڈی:ضلع کرم کے علاقے اراولی میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقے اراولی میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار شجاع محمد (عمر 43 سال سکنہ خیرپور)، نائیک محمد رمضان (عمر 32 سال سکنہ خضدار) اور سپاہی عبدالرحمان (عمر 30 سال سکنہ سکھر) شہید ہوگیا ۔علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئر نس کا عمل جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے ، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔