پائیدارامن کیلئے دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان اور تربیلا کے دورہ کے دوران افسران وجوانوں سے ملاقات کی، میرانشاہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی اورپھول چڑھائے، آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بارڈر سیکیورٹی کو مزید مئوثر بنا رہی ہے، پائیدارامن کیلئے دہشتگردوں کا گٹھ جوڑتوڑ دیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ کیا، آرمی چیف نے میرانشاہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی، آرمی چیف نے یادگارشہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر آمد پر کورکمانڈر پشاورنے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے افسروں وجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج بارڈر سیکیورٹی بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے، پائیدار امن کیلئے دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے، سماجی واقتصادی ترقی سے دیرپا امن یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربیلا میں ایس ایس جی ہیڈکوارٹرکا بھی دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں بشمول الضرار کمپنی سے ملاقات کی۔ الضرار کمپنی کے افسران اور جوانوں نے بنوں آپریشن میں حصہ لیا تھا۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایس ایس جی قوم کا فخر ہے۔