بنوں میں آپریشن کامیاب: 25 دہشتگرد ہلاک،7 نے ہتھیار ڈال دیے، میجر جنرل احمد شریف چوہدری

راولپنڈی:پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کے کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے،7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے نجی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش 35 دہشگرد موجود تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہرسے کوئی حملہ نہیں ہوا، سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہی دہشتگروں نے یہ صورت حال پیدا کی،زیرتفتیش دہشت گردوں میں سے ایک نے سی ٹی ڈی جوان کا ہتھیار چھین کر فائرنگ کی تھی،دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے،فرارکی کوشش ناکام بنادی گئی۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے 7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے، اس کے علاوہ آپریشن میں پاک فوج کا ایک صوبیدار اور 2 سپاہی شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مطالبے کو رد کردیا گیا،شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مغربی سرحد سے دہشت گردی کی جوتازہ لہر ہے اسے ابھرنے نہیں دیا جائے گا، جو ہمارے خلاف آئے گا اس کا سر کچل دیں گے۔