قبائلی عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،گورنرحاجی غلام علی

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ہم سب نے متحد ہو کر صوبہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے اور ملک کو آگے لے کر جانا ہے،عوامی خدمت میرا شعار ہے اور عوام کے مسائل و مشکلات حل کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے، ضم اضلاع سمیت صوبہ بھر کے عوام کے حقوق کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہوں گا۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاوس کا دورہ کرنیوالے ضم ضلع شمالی وزیرستان، ضلع شانگلہ کے نمائندہ عوامی وفود، خدمت خلق ویلفئیر سوسائیٹی باڑہ، متحدہ امن کمیٹی پشاور، شادی ہال ایسوسی ایشن پشاور کے نمائندہ وفود سے الگ الگ ملاقات کے دوران کی۔ملاقات میں مذکورہ عوامی وفود نے گورنر کو آئینی منصب سنبھالنے پر مباررکباد پیش کی اور اپنے اپنے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل و تکالیف سے آگاہ کیا۔ضلع شمالی وزیرستان کے سیاسی، سماجی،ومذہبی شخصیات، مشران اور منتخب بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل عوامی وفد نے گورنر کو شمالی وزیرستان کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے، متاثرین کو معاوضوں کو ادائیگی، میڈیکل کالجز میں کوٹہ بڑھانے، یونیورسٹی کے قیام کیلئے موزوں جگہ مختص کرنے سمیت عوام علاقہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ قبائلی عوام کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں،شمالی وزیرستان سمیت تمام ضم اضلاع کے عوام کے مشکلات حل ہونی چاہئیں، صوبہ کی اقتصادی، تعلیمی اور مجموعی ترقی و خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہم نے ایک مثبت سوچ اور مثبت طرز عمل سے آگے بڑھنا ہے اور اپنی روایات، اقدار کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالنا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ دور دراز سے بھاری تعداد میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل عوامی وفود کا گورنر ہاوس آمد پر انکے مشکور ہیں اورعوامی مسائل کے حل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر یقینی بنایا جائے گا۔