شرپسندوں کے حملے میں شہید چار پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کردی گئی

پشاور:ضلع لکی مروت کے تھانہ برگی پر رات کو شرپسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کردی گئی۔اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہداکو سلامی پیش کی ،ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور ڈی پی او لکی مروت ضیاالدین احمد ، اعلی فوجی ،سول حکام اور ایس پی انوسٹی گیشن ،سمیت پولیس افسران اور اہلکاروں اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں جنازے میں شرکت کی ۔آر پی او بنوں ، ڈی پی او لکی مروت اوردیگر شرکانے قومی پرچم میں لپٹے شہداکے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور نے شہداءکے ورثاءسے فاتحہ خوانی کی۔ آر پی او بنوں نے محکمہ پولیس کے لیے پولیس شہداکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پولیس شہداکا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے شہداکے ورثاءکو یقین دلایا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث شرپسندوں کو جلد از جلد بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔آر پی او بنوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ وہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے ان کی فوری گرفتاری عمل میں لائیں،انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ ہر قیمت پر جاری رہے گی۔آر پی او بنوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف عوام اور پولیس ایک پیج پر ہیں۔ پولیس عوام کے ساتھ ملکر امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے۔ مزید انکا کہنا تھا کہ لکی مروت پولیس جو اپنی مٹی کے دفاع اور حفاظت پر مرمٹنے کے لئے تیار ہیں پولیس اس ضلع کی حفاظت کے لئے کھڑی ہے اور ان کی قربانی پولیس کی فرض شناسی کی اعلی ترین مثال ہے اور ائیندہ بھی پولیس سبز ہلالی پرچم کو اونچا رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔