وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان کے اکسانے پر منگلا ڈیم منصوبے کی تقریب میں افسوسناک حرکت کی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مذہب پر سیاست چمکانے، شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلانے اور قومی مفاد بیچنے والا اب کشمیر پر سیاست کر رہا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان کے ا کسانے پر منگلا ڈیم کی مرمت کے منصوبے کی تقریب میں افسوسناک حرکت کی،عمران خان نے اپنی ڈوبتی سیاست کی خاطر آزادکشمیر اور پاکستان کی بہتری کے منصوبے کی تقریب کو منفی رنگ دینے کی گھٹیا اور قابل مذمت چال چلی، سائفر کے منٹس تبدیل کرکے قومی مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے ”کاریگر “سے اور توقع ہی کیا کی جاسکتی ہے؟ بدھ کو عمران خان کے بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ توشہ خانہ لوٹنے اور گھڑیاں بیچنے والا اب کشمیر کے نام پر اپنی گندی اور بے شرم سیاست کر رہا ہے، کشمیر فروش وزیراعظم شہبازشریف کو نہ بتائے کہ مسئلہ کشمیر پر کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ایک گھنٹہ اٹھک بیٹھک کرنے اور سڑکوں و چوراہوں کے نام بدلنے والا قومی مفاد پرکھیل کھیل رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افسوس! وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے منصب کا خیال رکھا اور نہ ہی مسئلہ کشمیر کی نزاکت کی پرواہ کی، ذاتی، جماعتی اور سیاسی مفادات کے لئے مسئلہ کشمیر کو اس بھونڈے انداز میں استعمال کرنا مناسب نہیں تھا۔ انہیں یہ خیال کرنا چاہیے تھا کہ وہ آزاد ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہیں۔وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے جان بوجھ کر وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کے دوران مداخلت کی، وزیراعظم شہباز شریف نرمی سے انہیں یہ کہتے رہ گئے کہ ہم بیٹھ کر بات کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے ا ن سے یہ بھی کہا کہ کوئی مسئلہ ہے تو وہ وزیراعظم آزادکشمیر سے مل کر اسے حل کریں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر کشمیر اورکشمیریوں کے مفادات کی بھرپور ترجمانی کی ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، شنگھائی تعاون تنظیم سمیت ہر عالمی علاقائی فورم پر مسئلہ کشمیر کو پوری قوت سے اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاش ! وزیراعظم آزاد کشمیر اس جرأت کا اظہار اپنے ”کشمیر فروش قائد“ کے سامنے کرتے۔ کشمیر فروش کی نالائقی، نااہلی اور سازش کی وجہ سے بھارت کو 5 اگست 2019ءکا غیر قانونی اقدام اٹھانے کی جرأت ہوئی،کشمیر فروش مودی کی الیکشن میں کامیابی کی دعائیں کرتا رہا، کشمیر فروش کہتا تھا مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر پر پورا پاکستان متحد اور یک آواز ہے، اس حساس معاملے کو سیاسی و جماعتی تقسیم کی بھینٹ نہ چڑھائیں، مہربانی ہوگی۔