بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ تشدد سے بڑی تعداد میں کشمیری عمر بھر کیلئے اپاہج

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں و کشمیر شاخ کی طرف سے ہفتہ کو معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کنوینر محمود احمد ساغر کی صدارت میں اسلام آباد میں حریت دفتر پر منعقدہ سمینار میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے مظالم رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔مقررین نے کہا کہ بیگناہ کشمیریوں پربھارتی فوجیوں کے وحشیانہ تشدد، پرامن مظاہرین پر پیلٹ چھروں اور گولیوں کے استعما ل کی وجہ سے بڑی تعداد میں کشمیری عمر بھر کیلئے اپاہج ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے سینکڑوں کشمیری لڑکے اور بچیاں اپنی بصارت کھو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا نام نہاد جمہوری ملک بھارت مقبوضہ علاقے میں عالمی قوانین اور اصولوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسنا ک ہے۔مقررین نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں کے رہائشی بھارتی فوج کی جانب سے بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کے باعث سخت مشکل صورتحال کا شکار ہیں ، سرنگوں کی زد میں آنے کی وجہ بڑی تعداد میں لوگ معذور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا موثر نوٹس لے اور انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پربھارتی حکومت کو جوابدہ ٹھہرائے ۔سیمینار سے محمود احمد ساغر کے علاوہ شیخ عبدالمتین، الطاف حسین وانی، حسن البنا، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، فیض نقشبندی اور امتیاز وانی نے خطا ب کیا ۔دریں اثنا کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں تنازعہ کشمیر کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے اب تک کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد اپاہج ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کے خلاف تشدد کے بھیانک طریقے اختیار کر رہے ہیں جبکہ نہتے اور پرامن کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال کے بعد سے معذور افراد کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔الطاف حسین وانی نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کا موثر نوٹس لیں۔