شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، حوالدار شہید، دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا جبکہ حوالدار وطن پر قربان ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں دہشتگردوں کے خلاف خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیان کے مطابق فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے تلاش کر کے ایک دہشتگرد کو مارڈالا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار پاروش شہید ہو گئے، 35 سالہ حوالدار کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔بیان کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔