جو لیڈر اپنی غلطی نہیں مان سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

لاہور:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتا تو فائنل کا رزلٹ مختلف ہوتا، پاکستان کلوز مارجن سے ورلڈ کپ ہارا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے والی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے قومی کرکٹرز کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ رکھا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کے روز قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی، اس دوران ان کی صدر مملکت سے بھی ملاقات ہوئی، عارف علوی کو بھی پی سی بی کی جانب سے دیے گئے خصوصی عشائیہ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ آرمی جنرل قمر جاوید باجودہ اور صدر مملکت عارف علوی نے بطور خصوصی مہمان عشائیہ میں شرکت کی۔اس دوران کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ جو لیڈر اپنی غلطی مان نہیں سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا، لیڈر شپ کا کام لڑنا ہوتا ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔آرمی چیف نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور شاہین آفریدی سے بھی گفتگو کی۔ آرمی چیف نے شاہین آفریدی سے اُن کی انجری سے متعلق بھی دریافت کیا، کہا کہ شاہین آفریدی انجرڈ نہ ہوتا تو فائنل کا رزلٹ مختلف ہوتا، پاکستان کلوز مارجن سے ورلڈ کپ ہارا، بھارت ورلڈ کپ میں 10وکٹوں سے ہارا، ہماری ٹیم اب دوبارہ کھڑی ہوگئی ہے ۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ قومی کرکٹرز بہت اچھا کھیلتے ہیں، کھلاڑی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے محنت کریں، کرکٹ کے ساتھ ساتھ مجھے ہاکی اور فٹبال کا کھیل پسند ہے، کھیلوں کی بہتری کیلئے اپنی سپورٹ جاری رکھوں گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ٹی 20کرکٹ فارمیٹ میں شاداب خان بہترین کرکٹر ہے۔