نوجوانوں کی فنی تربیت اورکاروبارمیں مالی معاونت کیلئےدرخواستیں طلب

ملتان: وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فنی تربیت اورکاروبارمیں مالی معاونت کے لئے ان سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں جس کے تحت 15 سے 30 سال کے نوجوان انٹرپرینیورز 15نومبر 2022 تک www.pmyp.gov.pk کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈوزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کا ایک منصوبہ ہے۔اس منصوبے کا مقصد گلوبل انوویشن انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانا، نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کا کلچر پروان چڑھانا اور نظریات کو کاروبار میں بدلنا ہے۔اس منصوبے کے تحت تمام پاکستانی نوجوان اپنی کاروباری سوچ کو پیش کرکے انڈسٹری کے ماہرین سے مالی و تکنیکی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد کل 250 نوجوانوں کو تربیت کا موقع فراہم کیا جائے گا تاہم 50 پروپوزلز کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جائے گا اورایک سٹارٹ اپ کے لیے زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ روپے کی فنڈنگ دو مراحل میں فراہم کی جائے گی۔تمام 50 انٹرپرینیورز اپنے کاروبار کو مزید بہتر بنانے کے لیے دس لاکھ کی اضافی گرانٹ کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے اور یہ گرانٹ بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے ذریعے دی جا سکے گی۔