پاکستان کی چین کو برآمدات 2.57 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں

بیجنگ :چین کو پاکستان کی برآمدات جاری سال کے پہلے نو مہینوں میں 2.57 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جو کہ گزشتہ سال کے پہلے نو ماہ کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے، چین میں پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے چائنہ اکنامک نیٹ (سی ای این) کو بتایا کہ چین کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ہر ماہ اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستانی حکومت چین کو برآمدات بڑھانے اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے،ہم چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر متعدد سٹریٹجک،ترجیحی شعبوں اور مینوفیکچرنگ سہولیات کو پاکستان میں منتقل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ہمارا بنیادی ہدف پاکستان میں مصنوعات تیار کرنا اور دنیا کو برآمد کرنا ہے۔چینی ادارے کسٹمز جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے مہینے میں پاکستان کی چین کو برآمدات 182.18 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں تاہم گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ برآمدات 257.47 ملین ڈالر تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیلاب نے دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدات کو بری طرح متاثر کیا۔مجموعی طور پر، جنوری سے ستمبر 2022 تک، چین کی پاکستان سے درآمدات اور برآمدات میں سالانہ تقریباً 3 فیصد اضافے کے ساتھ 20.19 بلین امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ 2021 کے اسی عرصے میں یہ 19.60 بلین امریکی ڈالر تھا،جب کہ ستمبر کے مہینے میں پاکستان کی چین کو برآمدات میں کمی واقع ہوئی۔ سال بہ سال 29 فیصد، بھاری مون سون کی وجہ سے سیلاب اور کووڈ-19 نے تباہی مچادی جس نے زراعت، انفراسٹرکچر اور صنعت سمیت کئی شعبے کے پائوں اکھاڑ دیئے۔ایک پاکستانی ماہر کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان تمام شعبوں میں تجارتی ممکنہ حجم ہمیشہ بہت اچھا ہے اور تاجر برادری اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے کیونکہ 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں اور زرعی شعبے کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ،پھر بھی تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کی گنجائش موجود ہے کیونکہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت اور ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ پاکستان کےچین کو بڑی مصنوعات کی برآمدات جن میں چاول، زنک ایسک اور کنسنٹریٹ، تیل کے بیج اور روغن دار پھل، تل کے بیج، چلغوزہ ، سمندری غذا اور دیگر زرعی مصنوعات شامل ہیں ۔