ایشیائی ترقیاتی بینک ترقی کیلئے ہمارا شراکت دار ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک ترقی کیلئے ہمارا شراکت دار ہے، بریس پروگرام سماجی تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات کی معاونت اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ پیر کو بریس پروگرام کے تحت قرض کی فراہمی کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق ، اے ڈی بی کے وائس پریذیڈنٹ اور دیگر بھی شریک تھے۔وزیراعظم نےکہا کہ اس مشکل وقت میں اے ڈی بی کی طرف سے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک نے کئی اہم پروگراموں کی شفافیت سے تکمیل کیلئے بھرپور معاونت کی ہے اور ترقی کیلئے ہمارا شراکت دار رہا ہے، بریس پروگرام سماجی تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات کی معاونت کے سلسلہ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی معاونت کیلئے یہ اہم پروگرام ہماری معیشت کے استحکام اور مستقبل کی ضروریات کے حوالہ سے بھی کارگر ثابت ہو گا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پروگرام کے اجرا پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان معاشی مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے جو سابق حکومت کی طرف سے ورثہ میں ملے ، ملک کو سیلاب کی صورت میں ایک قدرتی آفت کا سامنا ہے، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 32.4 ارب ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے، حکومت تنہا اس مشکل صورتحال سے نہیں نمٹ سکتی، متاثرین میں 70 ارب روپے کی نقد امداد کی تقسیم جاری ہے۔وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے بھی پروگرام پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر اے ڈی بی کے وائس پریذیڈنٹ نے کہا کہ بریس پروگرام 1.5 ارب ڈالر کا پروگرام ہے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی اور ریلیف کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔