ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے1.5 ارب ڈالرکی مالی معاونت کی منظوری دیدی

اسلام آباد:ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے حالیہ تباہ کن سیلاب اور رسد میں رکاوٹوں کے تناظرمیں سماجی تحفظ ، غذائی سلامتی کو فروغ دینے اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کے ضمن میں پاکستان کیلئے1.5 ارب ڈالرکی مالی معاونت کی منظوری دیدی ہے ۔یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جمعہ کوجاری بیان میں کہی گئی ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے بلڈنگ ریزیلینس ود ایکٹو کاونٹر سائکلیکل ایکسپینڈیچرز (بریس) پروگرام کے تحت فراہم کردہ معاونت حکومت پاکستان جانب سے یوکرین بحران سمیت بیرونی شاکس سے نمٹنے کے 2.3 ارب ڈالرکے پروگرام پرعمل درآمدمیں معاون ثابت ہوگی ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی ومغربی ایشیا یوگینی ژوکوف نے بتایا کہ کوویڈ19 سے پاکستان کی بحالی میں بیرونی جھٹکوں کی وجہ سے رکاوٹیں پیدا ہوئی ہے۔ بڑھتے ہوئے کاروباری اور ذاتی اخراجات نے لاکھوں پاکستانیوں، خاص طور پر غریب اور معاشی طورپرکمزور طبقے کو متاثرکیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا پروگرام حکومت کو بلندقیمتوں کے اثرات، غذائی عدم تحفظ میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں میں سست روی، اور اقتصادی طورپرکمزور گروہوں کی آمدنی کو کم کے مسائل کوحل کرنے میں مدد کرے گا، پاکستان میں حالیہ سیلاب سے مسائل میں اضافہ بھی ہواہے۔انہوں نے بتایاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی فنانسنگ سے حکومت کو ترقیاتی اخراجات کے پیکج کو نافذ کرنے کے لیے درکار مالی جگہ فراہم ہوگی جو پاکستان کے غریب ترین خاندانوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے کے ڈائریکٹر پبلک مینجمنٹ طارق نیازی نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی حالیہ معاونت سے نقد امداد حاصل کرنے والے خاندانوں کی تعداد کو 7.9 ملین سے بڑھا کر 9 ملین تک بڑھایا جائیگا ،اس معاونت سے پرائمری اور سیکنڈری سکولوں میں داخل ہونے والے بچوں کی تعداد بڑھانے، حاملہ ، دودھ پلانے والی مائوں اور بچوں کے لیے صحت کی خدمات اور غذائیت کی فراہمی کیکوریج کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔