کوہاٹ، 1230نوجوانوں کیلئے سکالر شپ کے ذریعے ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز شرو ع کرنے کا فیصلہ

پشاور:کوہاٹ، ہنگو اور کرک کے 1,230 نوجوانوں کے لئے سکالرشپ کے ذریعے ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز شروع کرنے کا فیصلہ،کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی سربراہی میں کوہاٹ، ہنگو اور کرک کے نوجوانوں کے لئے سکالرشپ کے ذریعے ٹیکنیکل ایجوکیشن کورسز فراہم کرنے سے متعلق کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شاہ محمود خان، سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ داؤد خان اور ڈی جی ایس ڈی یو سہیل خان بھی موجود تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ وزیر نے پروگرام کی اہمیت بارے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس پروگرام کے تحت مکمل اسکالرشپ جس میں ٹیوشن فیس، کتب/لائبریری کی لاگت، بورڈنگ، رہائش اور وظیفہ مختلف ڈگری، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز کے لئے اہل نوجوانوں کو 349 ملین روپے کی لاگت سے کورسز فراہم کئے جائیں گے۔ ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی، صحت، تکنیکی، موبائل اور ڈیجیٹل مہارت میں ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورس کے شعبے میں کے ڈی ڈی پی سکالرز کو سہولت فراہم کرے گا جبکہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پیٹرولیم اور گیس انجینئرنگ، انرجی اینڈ پاور انجینئرنگ، صحت اور نرسنگ کے شعبے میں انڈر گریجویٹ ڈگری پروگراموں کے لئے کے ڈی ڈی پی سکالرز کو سہولت فراہم کرے گا۔ تقریب کے دوران ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے ایم او یو پر فضل قادر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کوہاٹ ڈویژن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ عصمت اللہ نے دستخط کئے جبکہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایم او یو پر سیکرٹری داود خان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈی ڈی پی عصمت اللہ نے دستخط کئے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے تعلیم کے شعبے میں طلباء و طالبات کو تکنیکی تعلیم فراہم کرنے پر متعلقہ محکموں کے حکام کی کاوشوں سراہا اور کہا کہ اسی طرح بچوں کے روشن مستقبل کے لئے بہترین اقدامات اٹھا نے سے بچے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں گے.