معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنا پاکستان کی اولین ترجیح قرار

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی وبیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روزواشنگٹن ڈی سی میں سی ای او اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن انجینئر ہانی سالم سونبول اوراینڈریو ٹورے سے ملاقات میں کی۔ وفاقی وزیر نے انہیں ملک کی کلی معیشت کی صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے آئی ٹی ایف سی کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور آئی ٹی ایف سی کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے ریجنل صدر، ویزا، اینڈریو ٹورے سے ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی توجہ کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے پر مرکوز ہے اور تمام تجاویز کا خیر مقدم کرے گی۔وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں مقیم پاکستانی میڈیا کو جاری پروگرام پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے عزم اور حکومت کی اقتصادی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستانی وفد کے ارکان نے ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے ساتھ ملاقات کی اور پاکستان میں اس کی نمائش کے فروغ کے لیے مختلف طریقوں کے ساتھ ساتھ مالیاتی مصنوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والے آئی ایم ایف/ورلڈ بینک کے 2022 کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ وفد میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ حمید یعقوب شیخ، ڈاکٹر کاظم احمدبھی شامل ہیں۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور ایڈیشنل سیکرٹری، فنانس ڈویژن علی طاہربھی ہمراہ ہیں۔