وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے کیا وعدہ پورا کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر 24 دن کے ریکارڈ وقت میں فلڈ ریلیف ولیج کے 100 گھر تیار کر لئے گئے۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے منزیز گلوبل ایوی ایشن’ کے ‘سی۔ای۔او’ فلپ جوئیننگ نے ملاقات کی جس میں انہوں نے ریکارڈ مدت میں 100 گھروں کی تعمیر کرنے پر فلپ جوئیننگ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے 2 ستمبر کو ٹانک کے دورے کے دوران 100 مکانات کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا، جس کے بعد 3 ستمبر کو جگہ کا انتخاب کیا گیا اور 7 ستمبر کو دونوں مقامات کا سروے مکمل کرکے 11 ستمبر کو تعمیرکا آغاز کر دیا گیا۔ ٹانک میں سیلاب متاثرین کے لئے ان گھروں کو ریکارڈ 24 دن میں تعمیرکیا گیا۔گھروں کی تعمیر کے علاوہ ولیج میں سولر سسٹم کی سہولت سے آراستہ سکول، کلینک اور ٹیوب ویل بھی قائم کئے گئے ہیں۔ یہ گھرسخت موسمی حالات کا مقابلہ کرسکتے ہیں جبکہ ان کی تعمیر میں جدید تعمیراتی میٹریل اور ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، ولیج میں قائم کیا گیا سکول کمپیوٹرز سمیت جدید سہولیات سے آراستہ ہے جبکہ اس میں قائم کئے گئے کلینک کے ذریعے مقامی آبادی کو صحت اور علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ گھروں کا نقشہ ملک کے ممتاز آرکیٹیکٹ علی نقوی نے تیار کیا۔اس بستی کے ارد گرد 9000 مقامی درختوں کی شجر کاری بھی کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے گھروں کی تعمیر پر کمپنی کے سی ای او کو شاباش دیتے ہوئے ان کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ 100 گھروں کی تعمیر سیلاب متاثرین کی آبادکاری میں اہم قدم ثابت ہوگی۔واضح رہے کہ اس گروپ نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں مٹھن کوٹ، راجن پور میں 270 گھر تعمیر کئے تھے جبکہ یہ گروپ پاکستان میں ہوابازی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کرنے اور سکئینگ ریزارٹ بنانے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔