تاجر برادری ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، صادق سنجرانی

اسلام آباد:سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ معاشی خود انحصاری کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے کاروباری افراد ملک کی صنعت کاری اور اقتصادی ترقی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ اس تقریب کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چیمبر کے سابق صدور کو ان کی گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے اور ایوارڈز دینے کے لیے کیا تھا۔چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف تکنیکی ترقی سے معاشی ترقی نہیں ہو سکتی جب تک کہ تکنیکی پیش رفت کو کاروباری افراد معاشی طور پر استعمال میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے شرکا کو آگاہ کیا کہ آئندہ سال مارچ میں منعقد ہونے والی سینیٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات میں آئی سی سی آئی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرسملک بھر کے چیمبرز کی نمائندگی کرتا ہے اور میں اسلام ااباد چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ غیر ملکی دوروں پر آئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن(آسیان) مشرق بعید اور جن ممالک کو ہمارے تعاون کی ضرورت ہے، تک رسائی کو ممکن بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور سینیٹ آف پاکستان مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کریں گے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قانون سازی کی جائے گی۔چیئرمین سینیٹ نے تقریب میں مدعو کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے تمام سابق صدور کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب مین آئی سی سی آئی کے صدر، تاجر برادری اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔