بزنس کمیونٹی نئے مواقع تلاش کر کے جدید، تخلیقی اور کاروباری تکنیک بروئے کار لائے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بزنس کمیونٹی پرزور دیا ہے کہ وہ نئے مواقع تلاش کرے اور جدید، تخلیقی اور کاروباری تکنیک بروئے کار لائیں، ای کامرس پلیٹ فارم استعمال کریں، معیار اور مسابقت کو برقرار رکھتے ہوئے موجودہ مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کریں، پاکستان کو برآمدات اور درآمدات میں توازن کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان 45 ویں ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند سال کے دوران کاروبار میں آسانی کے اشاریوں میں پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے کاروبار اور تجارت کے فروغ کیلئے دی گئی مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے کئی پیشکش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو مقامی سطح کی ضروریات کو پورا کرنے اور برآمدات کیلئے اپنی مصنوعات کی اعلیٰ تیاری کیلئے نوجوانوں سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز اہم ہیں تاہم توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے شمسی توانائی آسان راستہ ہے۔ انہوں نے زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور یہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئی ہے اس سیلاب سے ملک میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور انفراسٹرکچر کا نقصان ہوا ہے۔پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قوم اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے حوصلے، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرے گی اور مضبوط بن کر ابھرے گی۔ پاکستان نے دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث کورونا پر قابو پایا اسی طرح اس بحران سے بھی نمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کھلے دل سے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اور ہنر مند انسانی وسائل سے پاکستانی برانڈ کی شناخت میں مدد کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار کے دوران انوویشن، متنوع اور مسابقت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ دیگر ممالک سے درآمدات پر بھروسہ کم کرنے کیلئے میڈ ان پاکستان کلچر کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے برانڈز اور ان کے معیار میں بہتری سے مقامی مصنوعات کے ذریعے مقامی مارکیٹ میں جگہ بنا سکتے ہیں جو کہ درآمد کے متبادل بنیں گی، اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروبار میں زیادہ سے زیادہ خواتین کو ملازمتیں دیں کیونکہ کوئی بھی ملک اپنی آبادی کے پچاس فیصد کو ملازمتیں دیئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس کامیابی سے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی، دیگر بزنس مین، تاجر اور سرمایہ کار اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کیلئے اپنے کام میں بہتری لائیں گے اور مزید محنت کرینگے۔ انہوں نے اس تقریب کے انعقاد پر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کی برآمدات 34.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ انجم نثار اور حاجی غلام علی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے برآمد کنندگان اور بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ بالخصوص افریقہ اور وسطی ایشیا کی نئی مارکیٹوں میں تجارت پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ ان کی اعلیٰ معیاری خدمات پاکستان کے قریب تر ہیں۔