پاکستان ترکی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے،ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت میں اضافے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ترکیہ میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر یوسف جنید سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیا کی تجارت کے معاہدے پر دستخط سے درمیانی مدت میں 5 بلین ڈالر کے دو طرفہ تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔انہوں نے پوری دنیا اور خصوصاً ہندوستان میں جہاں مسلمانوں کو روزانہ کی بنیاد پر ہراساں کیا جا رہا ہے، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کے لئے ترکیہ کی حمایت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تنازعہ پر ترکیہ کی طرف سے پاکستان کی حمایت پر بھی اظہار تشکر کیا اور نامزد سفیر سے کہا کہ وہ ترکیہ کو ان جذبات سے آگاہ کریں۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان ترکیہ کے بنیادی ایشوز پر اس کی حمایت کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان کے ترکیہ کے تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مجموعی طور پر 190 سے زائد معاہدوں/ایم او یوز پر دستخط کئے گئے ہیں۔