ضلع خیبر میں افغان بارڈر کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی،3 دہشتگرد ہلاک

خیبر:کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ، ضلع خیبر پاک افغان بارڈر کے قریب تین دہشت گردوں کو مسلح تصادم میں ہلاک کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی کی اسپشل چھاپہ مار ٹیم کا دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے ضلع خیبر کے افغان بارڈر کیساتھ کارروائی کی ، تاہم دہشتگردوں نے سیکورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد ضلع خیبر میں داخل ہوکر بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی جوانوں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ جوانوں نے حکمت عملی سے خود کو محفوظ کرکے اپنے حفاظت اور دہشتگردوں کی گرفتاری کی خاطر جوابی فائرنگ شروع کی۔حکام کے مطابق دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی چھاپہ مار ٹیم کے مابین فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔فائرنگ تھم جانے کے بعد علاقے میں دوران سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن 3 دہشتگرد ہلاک پائے گئے۔کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت اکرام اللہ عرف محسن اور مرسلا خان عرف قاری عرف ارشاد ولد سید اکبر جبکہ ایک نامعلوم دہشتگرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 03 کلاشنکوف ، 12 میگزین، 02 ہینڈ گرنیڈ، 03 بنڈولیئر اور درجنوں کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم آئی ایس کے پی (داعش) سے ہے۔کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے دو سے تین دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واپس افغان بارڈر کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے. پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، علاقے میں فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن کررہی ہے۔