خیبر:تاجکستان کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئےامدادی سامان سے لدی 80گاڑیاں پاکستان کے حوالے

پشاور:تاجکستان نے جمرود این ایل سی ٹرمینل پر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سامان سے لدی 80گاڑیاں پاکستان کے حوالے کیں۔گاڑیوں میں پانچ سوٹن آٹا، ایک ہزارٹن سیمنٹ،ایک ہزارٹن کوئلہ، پانچ سوکارٹن پینے کے پانی کی بوتلیں اوردوہزارچھت کی چادریں پاکستان میں تاجک سفیر عصمت اللہ نذیر نے وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کے حوالے کیں۔تقریب میں علاقائی عوامی نمائندوں اورمقامی افراد نے بھی شرکت کی۔ امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائے گا جہاں یہ ورلڈ فوڈ پروگرام اور این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔تقریب میں تاجک سفیر عصمت اللہ نذیر نے کہا کہ یہ امداد تاجکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے بھیجی گئی ہے تاکہ پاکستان اس مشکل وقت میں مسلم برادر ملک کے عوام کی خدمت اور مدد کر سکے۔وزیراعظم کے مشیرامیر مقام نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب نے اس سال کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں تباہی مچائی جس میں 1400 افراد جاں بحق، ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں اب وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت متاثرہ علاقوں میں ریلیف، بحالی اور آبادکاری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کا ساتھ دینے پر تاجکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت تاجکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات اور دوستی رکھتی ہے اور تاجکستان کے ساتھ بجلی اور گیس کی فراہمی کے منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ نذیر نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور تاجکستان کی حکومت اور عوام ان مشکل حالات میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ تاجکستان کی حکومت اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرے۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود شکیل احمد اتمانزئی، پاکستان مسلم لیگ ن کے سردار اعظم آفریدی، عمران لالہ، بادشاہ آفریدی، سید ولی شاہ، امان اللہ، زرولی آفریدی اور متعلقہ محکموں کے افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔