شمالی وزیر ستان: فورسز کے آپریشن میں 4 دہشتگردہلاک، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید

راولپنڈی:سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں بویا اور میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کیے، فائرنگ کے تبادلے میں طالبان کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے میجر سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع بویا کے عام علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور انھیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن عبدالولی (عمر 26 سال، رہائشی وانا/جنوبی وزیرستان)، نائب صوبیدار نواز (عمر 45 سال، ساکن ایبٹ آباد)، حوالدار غلام علی (عمر 34 سال، رہائشی سرگودھا)۔ لانس نائیک الیاس (عمر 33 سال، میانوالی کا رہائشی) اور سپاہی ظفر اللہ (عمر 29 سال، ساکن میانوالی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ علاقے میں کلیرنس آپریشن جا رہی ہے تاکہ علاقے سے دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قبل ازیں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر طفیل مارا گیا۔ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارا گیا دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں، دیسی ساختہ بموں کی تیاری اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔ دہشت گرد کمانڈر طفیل ضلع شمالی وزیرستان کے میر علی اور گردونواح میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔