آئی ٹی ایکسپورٹ کو پندرہ ارب ڈالر تک لے جائیں گے، وفاقی وزیر سید امین الحق

کراچی:وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر آئندہ چند برسوں میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو پندرہ ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اگلے سال تک آئی ٹی ایکسپورٹ کیلئے 5 ارب ڈالرز کا ہدف مقرر کیا ہے مزید یہ کہ انڈسٹری کیلئے ریفارمز، ٹیکسز میں کمی سمیت دیگر سفارشات پر کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایکسپو سینٹر میں اکیسویں آئی ٹی سی این ایکسپو 2022 کا افتتاح کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہماں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)کے فروغ اور نئی نسل کی رہنمائی کیلئے ای کامرس گیٹ وے کے تحت تین روزہ آئی ٹی سی این ایشیا 2022 کا ایکسپو سینٹر کراچی میں آغاز ہوگیا۔ نمائش 26 اگست تک جاری رہے گی۔ سید امین الحق نے کہا کہ سائبر سکیورٹی پالیسی اور پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن پر کام مکمل ہوچکا ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ کراچی میں 31 ارب روپے کی لاگت سے آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے تمام ابتدائی مراحل طے کرلیئے گئے ہیں، جلد ہی اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے تعاون سے حیدرآباد کی مختلف درسگاہوں میں آئی ٹی تربیت کا آغاز کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیو نیکیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرائم فری اسٹیٹ بنانے کیلئے آئی ٹی سرولینس ڈیٹا مرتب کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسمارٹ پولیسنگ کے نام سے وزارت آئی ٹی کے اہم منصوبے کو ملک بھر میں توسیع دی جارہی ہے جس میں پولیس کے نظام اور مجرموں کے کوائف کو کلی طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔ سید امین الحق نے کہا کہ شہر میں بارشوں کے بعد صفائی ستھرائی، سڑکوں کی حالت زار کا احساس ہے،کوئی شک نہیں کہ کراچی کے عوام بدترین حالات سے گزر رہے ہیں، شہر و شہریوں کے ریلیف کیلئے ہر فورم پر بات کررہے ہیں۔سندھ و بلوچستان میں بارش و سیلاب کی تباہ کاریوں، جانی و مالی نقصانات قومی سانحہ ہے۔ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر تمام جماعتیں اس مشکل وقت میں متاثرین کی بحالی کا کام کریں۔ ای کامرس گیٹ وے کے تحت تین روزہ آئی ٹی سی این نمائش میں اہم موضوعات پر سیمینارز میں بین القوامی شہرت کے حامل آئی ٹی، کریپٹو، ای کامرس، سافٹ ویئر، اسٹارٹ اپس، روبوٹکس، ایڈ ٹیک اور ریٹیل ٹیک ماہرین اپنے تجربات کا اعادہ کریں گے۔چار ہالز پر مشتمل آئی ٹی سی این نمائش و کانفرنس میں اس سال 800 کمپنیوں کے 1500 سے زائد بین القوامی برانڈز مشتہر کئے جارہے ہیں جبکہ 100 سے زائد اسٹارٹ اپس کے مواقع بھی میسر ہیں۔ نمائش کے آرگنائزر ای کامرس گیٹ وے کے نائب صدر عمیر نظام کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سی این نمائش اس سال کئی حوالوں سے انفرادیت کی حامل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا اور دنیا کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے پیش نظر پاکستان کی نئی نسل کی کانسلنگ اور برآمدات میں اضافے کیلئے یہ نمائش حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔ عمیر نظام نے اس سال نمائش میں 50 ہزار سے زائد افراد کی توقع ظاہر کی ہے۔ نمائش میں روبوٹکس کے دلچسپ مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔