شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اہم کمانڈر سمیت 2 دہشتگرد ہلاک

روالپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر خفیہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں دہشتگرد کمانڈر ساتھی دہشتگرد سمیت ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میر علی میں کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گرد کمانڈر خبیب عرف بلال سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے،جس کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والےدہشت گرد آئی ای ڈیز کی تیاری، سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے قتل عام اور اگست 2022 میں میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں بھی ملوث تھے۔علاقے کے عوام نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج سے مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا۔واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران شمالی وزیرستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں پھر سے تیزی سے آئی ہے جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے وہاں آپریشن کا آغاز کیا ہے تاکہ علاقے کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کیا جاسکے۔