پاکستان کی معیشت دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے، وفاقی وزیرخزانہ

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکی ہے، درآمدی بل میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ برآمدات بھی بڑھ رہی ہیں، تاجروں اورصنعت کاروں کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیا جارہاہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے وفد سے ورچوئل ملاقات اورپاکستان میں قطرکے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ایل سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں چیمبرکے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور وزارت خزانہ، وزارت تجارت اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔وفد نے وزیر خزانہ کو ملک کی معاشی ترقی میں ایل سی سی آئی کے کردار اور پاکستان میں تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔وفد نے بینکوں کے منافع پرمبنی رویہ ، بھاری مشینری کی درآمد کے لیے لیٹرآف کریڈٹ کی فراہمی اور سابق فاٹا اور پاٹا میں درآمد ات کے لیے شرح میں فرق سمیت اہم مسائل سے وزیرخزانہ کوآگاہ کیا اورکہاکہ اس سے چیمبر کی آپریشنل کارکردگی متاثر ہورہی ہے ۔وزیر خزانہ نے صدر ایل سی سی آئی کی طرف سے اجاگرکردہ مسائل پر جامع غور و خوض کیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مختلف مسائل پہلے ہی حل ہو چکے ہیں جبکہ باقی مسائل کو جلد از جلد حل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور درآمدی بل میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ برآمدات بھی بڑھ رہی ہیں۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے مطلوبہ اقدامات کی ہدایت بھی کی ۔وفدنے معاشی استحکام اور معیشت میں ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ان کے مسائل پر غور کرنے اور ان مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیر خزانہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔پاکستان میں قطرکے سفیرسے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیرخزانہ نے قطر اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ باہمی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاروں اور کاروبار کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔وزیر خزانہ نے قطرکے سفیرکو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب منافع بخش مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے گرمجوشی اور خیرمقدم کے جذبات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ قطر کی حکومت پاکستان کے مختلف شعبوں خصوصاً توانائی، تجارت اور کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ ملاقات میں وزیر اعظم کا آئندہ ہفتے قطر کا دورہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے سفیر کو حکومت پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔