شہدائے لسبیلہ کیخلاف سوشل میڈیا مہم ،تحقیقات کے دوران چشم کُشاہ انکشافات،گرفتاریوں کا فیصلہ

اسلام آباد: شہداء لسبیلہ کے خلاف گھناؤنی اور بے حِس سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کے دوران چشم کُشا انکشافات سامنے آگئے۔تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مہم میں ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکن ملوث نکلے۔ اس پوری مہم میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں جماعت کے حامی اداروں کے خلاف اس گھناؤنی مہم میں شامل تھے۔سیاسی جماعت کی اس مہم میں کچھ ہندوستانی اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے۔ یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی جب پوری قوم سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث ہونے والی شہادتوں پر غمزدہ تھی۔ اس غیر اخلاقی سازش سے اداروں، شہداء اور شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی۔اس مہم کے کرداروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ گھناؤنی مہم چلانے والوں سے تفتیش کے نتیجے میں ان کے سر پرستوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والے 700 سے زائد اکاؤنٹس کا پتا لگایا گیا ہے جن میں بیرون ملک سے چلنے والے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم کی تحقیقات کے لیے قائم چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ میں اس مہم میں ملوث اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے۔