پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کا جشن ملی جوش وخروش اور شایان شان طریقے سے منایا گیا

،

اسلام آباد:پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کا جشن ملی جوش وخروش اور شایان شان طریقے سے منایاگیا ،دن کا آغاز مساجد اورعبادت گاہوں و گھروں میں ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہو ا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ قومی ترانے کے احترام میں سائرن بجائے گئے اور ہر قسم کی ٹریفک رک گئی، مزارقائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد ہوئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔مرکزی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرچم کشائی کی اورخطاب کیا اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا، تقریب میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ، وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، مرتضی جاوید عباسی،خالد مگسی، مشیر برائے سیاسی امور و قومی ادبی ورثہ ڈویژن انجنئیر امیر مقام، عسکری قیادت، اراکین پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارت کاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خطاب کے دوران پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارک دی اورکہا کہ اس نعمت پر ہم اپنے رب کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لئے بھی جلد ازجلد آزادی کی دعا کی ۔وزیر اعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی ولولہ انگیز جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے،مشاہیر پاکستان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد سے ہمیں آزادی کی نعمت ملی ۔اس مقصد کے لیے سینکڑوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اس جدوجہد میں مسلمانوں ہی نہیں اقلیتوں نے بھی بھرپور حصہ ڈالا، وزیر اعظم نے پاکستان کی تعمیر وترقی میں تارکین وطن کے کردارکو بھی سراہااور کہا کہ پاکستان دنیا کی ساتویں جوہری طاقت ہے اور اس پروگرام سے وابستہ تمام ادارے اور افراد ہمارے محسن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، اس کے لئے قومی مکالمے کی ضرورت ہے جس کے لئے میثاق معیشت ہوسکتا ہے،ہم جوھری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں بن سکتے،آزادی بڑی قربانیوں سے حاصل ہوئی، اس کا خون کے آخری قطرے تک دفاع کریں گے، ملک کو آگے لے کر جانا ہے، نوجوان ہماری ترجیحات کا اہم جزوہیں۔ انہوں نے قومی ترانے کودوبارہ ریکارڈ کرنے پر متعلقہ اداروں کو مبارک باد دی۔اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کئے گئے،فنکاروں نے علاقائی زبانوں میں لوک گیت پیش کئے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی پر مبارکباد پیش کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان ،پاکستان زندہ باد۔ یوم آزادی کے موقع پر253 پاکستانی وغیر ملکی شہریوں کے لئےاعلیٰ سول اعزازات کا اعلان کیا گیا ۔ سعودی فرمانرواسمیت اہم غیر ملکی سربراہان نے پاکستانی قیادت کو مبارکبادیں پیش کیں ۔یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر اعزازی گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے ۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور پاک بحریہ سیلرز کے دستوں پر مشتمل کیڈٹس نے اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں، پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹننٹ کمانڈر سید محمد داد نے سرانجام دیئے ۔ پریڈ کے دوران مہمان خصوصی نے گارڈ کا معائنہ کیا اور گارڈ کی جانب سے قائد اعظم کو قومی سلام پیش کیا، جس کے بعد مہمان خصوصی نے گارڈ تعیناتی کا حکم دیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ،کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اسی طرح مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان تھے۔ مہمان خصوصی نے گارڈز کی تبدیلی کے عمل کا معائنہ کیا ۔انہوں نے مزار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل شہباز خان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے ۔اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی ا ور استحکام کیلئے دعا بھی کی گئی۔