پاکستانی پرچم ہمارے اتحاد کی علامت ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر ملک میں محبت اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم ہمارے اتحاد کی علامت ہے، ہم سب ایک ہیں، نفرت، تقسیم اور فساد پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے، آج پوری قوم پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہی ہے، ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کیلئے استعمال ہوا لیکن آج یہاں نوجوان، بچے اور پولیس اہلکار یوم آزادی منا رہے ہیں، جب بھی اس ملک میں جمہوری دور آیا ترقی کے ثمرات عوام کو ملتے رہے، ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی سے آپس میں منسلک کیا، ملک کو پہلی موٹر وے دی، ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ہفتہ کو یہاں وزارت اطلاعات، سی ڈی اے اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام مختلف سکولوں کے بچوں کی جانب سے قومی پرچم کی پینٹنگ اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان آج ملک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، مارچ پاسٹ کے لئے پولیس کے دستے بھیجنے پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزارت داخلہ، آئی جی پولیس اور چاروں صوبوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چاروں صوبوں کی پولیس کے دستے شاہراہ دستور پر پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آج سکولوں کے بچوں نے قومی پرچم تیار کرنے کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، آج ہمارے نوجوان اور بچے پاکستان کے لئے مر مٹنے کو تیار ہیں، یہی جذبہ 1947ء میں تھا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان اس ملک کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی ادارے دن رات ہماری حفاظت پر مامور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، آج پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بھی ملک میں جمہوری دور آیا اس کے ثمرات پاکستان کے عوام کو ملے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ جمہوریت میں اس مٹی کا مستقبل ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی کے ذریعے آپس میں جوڑا، ملک کو پہلی موٹر وے دی، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شروع کردہ ایٹمی پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہر دبائو کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ایٹمی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم سمیت تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ پاکستان کے لئے ہے، عوام اپنے گھروں پر سبز ہلالی پرچم لہرائیں اور پوری دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستانی قوم وطن عزیز کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم ہمارے اتحاد کی علامت ہے، ہم سب ایک ہیں، نفرت، تقسیم اور فساد پھیلانے کی ہر کوشش کو ہم ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ یک آواز ہو کر یہ پیغام دیں کہ ہم پاکستانی ہیں، ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، ہم ملک میں امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو محبت اور برداشت کے بیج بوئے جائیں جو آئندہ آنے والے سالوں میں اس بات کی گواہی دیں کہ ہم متحد ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر سکول کے بچوں کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے دن رات محنت کر کے ان تقریبات کا اہتمام کیا۔ انہوں نے پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان سمیت وزارت اطلاعات کے تمام اداروں، سی ڈی اے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور وزارت داخلہ کو مبارکباد پیش کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج شب 12 بجے یہاں آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا جو پی ٹی وی پر لائیو ٹیلی کاسٹ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ لیزر شو اور نیشنل فائر ورک کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں تمام پارلیمنٹیرینز اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آج جوائنٹ ڈیکلریشن پارلیمنٹ ہائوس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات الیکٹرانک میڈیا سمیت پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور ایف ایم ریڈیو پر بھی سنی جا سکتی ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات، سی ڈی اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام پاکستانی پرچم کو پینٹنگ کرنے اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریبات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔قوم پرچم کو پینٹگ کرنے کی تقریب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے بچے شریک تھے جنہوں نے اپنے ہاتھ سے پاکستانی پرچم کی پینٹنگ کی۔ تقریب میں سکولوں کے بچوں کا جوش دیدنی تھا، بچوں نے انتہائی دلچسپی سے پاکستانی پرچم کو پینٹ کیا۔ تقریب کے آغاز میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سکول کے بچوں کے ہمراہ پاکستان کا قومی ترانہ گنگنایا۔اس موقع پر ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ پریڈ میں اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس، سندھ پولیس، بلوچستان پولیس، خیبر پختونخوا پولیس، آزاد کشمیر پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستے موجود تھے۔