تحریک پاکستان کی جدوجہد میں خواتین کا کردار لائق تحسین ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کا یوم آزادی ہمیں آبائو اجداد کی گراں قدر قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،تحریک پاکستان کی جدوجہد میں محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم رعنا لیاقت علی خان سمیت دیگر خواتین کا کردار لائق تحسین ہے ۔جمعہ کو قومی اسمبلی ہال میں ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ خواتین اراکین پارلیمنٹ اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے کنونشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آج “ڈائمنڈ جوبلی کنونشن آف ویمن پارلیمنٹیرینز” پروگرام کا حصہ بنتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔بلاشبہ پاکستان کا یوم آزادی، ہمارے اجداد کی جانب سے دی گئی قربانیوں اور تحریک آزادی کے لیے کی گئی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے،یہ ایک حقیقت ہے کہ ہماری پاکستانی بیٹیوں اور بہنوں نے، برصغیر کی خواتین رہنماؤں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں خواتین کے حقوق کے فروغ اور قومی معاملات میں ان کی شرکت کو بڑھانے کے لئے قابل ذکر خدمات سرانجام دی ہیں۔ویمنز پارلیمنٹری کوکس، پارلیمانی عمل میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کے لئے قابل تحسین اقدامات اٹھا رہی ہے، اجتماعی کوششوں کے پیش نظر ویمنزز پارلیمنٹری کاکس صنفی رکاوٹوں کو ختم کر رہی ہے اور قانونی فریم ورک میں اصطلاحات لا رہی ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج کی خواتین، مردوں کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے معاشرتی اور معیشت ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں، انہوں نے سیکرٹری ویمنزز پارلیمنٹری کاکس ممبر قومی اسمبلی محترمہ شاہدہ رحمانی صاحبہ کو خواتین پارلیمانی ممبران کے لیے ایک مضبوط اور بااختیار پلیٹ فارم مہیا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔