پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی آئندہ سال فراہم کر دی جائے گی،وفاقی وزیر امین الحق

اسلام آباد:وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی آئندہ سال فراہم کر دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےممتاز آئی ٹی ٹیکنالوجی کمپنی ایریکسن کے ہیڈ آف گلوبل کسٹمر ایکو نیلسن سے اپنے آفس میں ملاقات میں کیا۔وفاقی وزیر امین الحق نے اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے، کنکٹویٹی اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے اہم شعبوں میں تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہریوں کو جدید اور تیز ترین ڈیٹا ٹرانسفر ٹیکنالوجی فائیو جی کی فراہمی کی تیاریاں مکمل ہیں، مقامی سطح پر اس کی طلب کا ماحول بنایا جا رہا ہے،آئندہ سال ملک میں فائیو جی لانچ کر دیں گے۔ایکو نیلسن نے اس موقع پر کہا کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے منصوبے قابل ستائش اور ایریکسن سے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایریکسن کمپنی 40 فریش آئی ٹی گریجویٹس مرد و خواتین کو اعلیٰ تربیت و ملازمت فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ان دنوں ان کے دورہ پاکستان کا مقصد آزادی کی 75 ویں سالگرہ تقریبات میں شرکت کرکے پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔