بلوچستان : ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،6 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی:سکیورٹی فورسز کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں دہشت گرودں کے خلاف آپریشن کے دوران 6دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور کی طرف موٹرسائیکلوں پر دہشت گرد گروپ کی نقل و حرکت کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کیا گیا۔سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔گھیرے میں آنے کے بعد دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے اور اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔اس دوران حوالدار ہدایت اللہ (جن کا تعلق لکی مروت سے ہے) شہید ہوگئے جبکہ نائیک میر محمد (جن کا تعلق وزیرستان سے ہے) زخمی ہو گئے۔