بصارت اور سماعت سے محروم طلباء کیلئے خصوصی کمپیوٹرز اور سافٹ ویئر کی فراہمی کی ضرورت ہے، ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بصارت اور سماعت سے محروم طلباءکے لیے خصوصی کمپیوٹرز اور سافٹ ویئر کی فراہمی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نمائندے، این جی اوز اور متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکمے طلباءکو معیاری اور مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی ہنر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول کو جدید دور کی تدریسی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری مدد فراہم کریں۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس خضدار بلوچستان کی طالبات سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔انہوں نے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسکول کو سیکنڈری سطح تک اپ گریڈ کرنے، نصاب کو بہتر اور جدید بنانے ، اسکول کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ طلباء کو اچھی آمدنی حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل اور آئی ٹی کی مہارتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر خصوصی افراد کے لیے سرکاری عمارتوں، ہسپتالوں، تفریحی سہولیات، پبلک ٹرانسپورٹ، گلیوں اور سڑکوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں، حکومت اور سول سوسائٹی مناسب تعلیم، ہنر، تربیت اور مناسب نوکریوں پر تعیناتی کے ذریعے معاشرے میں ان افراد کی موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے حقوق کا ایکٹ، جو 2020 میں منظور کیا گیا، حکومت پاکستان کو پابند کرتا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر معذور فردکا احترام کیا جائے اور اسے بغیر کسی امتیاز کے تعلیمی، سماجی اور معاشی سمیت تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مساوی مواقع کے ساتھ ایک مہذب زندگی گزارنے کا حق ہو۔صدر مملکت کو بتایا گیا کہ طالبات اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں اسلام آباد کا دورہ کر رہی ہیں، نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس خضدار بلوچستان کے جنوبی علاقے میں معذور طلباء کا واحد تعلیمی ادارہ ہے، ادارے میں پرائمری تعلیم اور ہنر مندی کے پروگراموں میں 160 طلباءاور طالبات زیر تعلیم ہیں۔