شمالی وزیرستان، نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: قبا ئلی ضلع شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کےعلاقے حسن خیل میں خفیہ آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلہ میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے گولیاں اور ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔بلوچستان کے ضلع نوشکی کے قریب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ندیم اور شہزاد ہلاک ہوگئے۔دہشت گرد خاران میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور آئی ای ڈی دھماکے میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔