صوبائی محکمہ ہاؤسنگ قبا ئلی اضلاع میں رہائشی کالونیز کے قیام کیلئےکوشاں ہے، ڈاکٹر امجدعلی

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے متعلقہ حکام کو ضم اضلاع میں رہائشی کالونیز کے قیام کے لیے اقدامات تیز کرنے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے جلوزئی ہاوسنگ منصوبہ سے متصل تمام تجاویزات کا حاتمہ یقینی بنانے جبکہ پلاٹس مالکان کو گھروں کی تعمیر جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔یہ ہدایات صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے گزشتہ روز محکمے کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ہائوسنگ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو جرما ہائوسنگ سکیم کوہاٹ، ہائی رائز فلیٹس حیات آباد پشاور، سول کوارٹر فلیٹس منصوبہ پشاور، سوڑیزئی ریزیڈینشیا پشاور، ضم اضلاع میں رہائشی کالونیز، پیری اربن ہائوسنگ سکیمز، جلوزئی ہا ئو سنگ منصوبہ، ہنگو ٹاون شپ، ورسک 1 اور نشتر آباد پشاور جبکہ میڈیا کالونی ڈنگرام سوات، رحمان بابا کمپلیکس پشاور اور حویلیاں ٹاون شپ ایبٹ آباد سمیت مردان میں کثیر المقاصد کمرشل بلڈنگز سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 463 پلاٹس اور 300 کنال اراضی پر مشتمل جرما ہائوسنگ سکیم کوہاٹ پر تقریباً 68 فیصد کام مکمل ہوچکاہے۔ صوبائی وزیر نے بقیہ کام اگلے 6 ماہ کے اندر مکمل کرانے پر زور دیا۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کل 144 فلیٹس اور 28 کنال اراضی پر مشتمل ہائی رائز فلیٹس حیات آباد پشاور پر کام اس سال اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیرِ ہائوسنگ نے پشاور میں، جون 2023 تک مکمل ہونے والے سول کوارٹر فلیٹس منصوبے کا اگلے ہفتے دورہ کرنے کے لیے بھی ھدایات جاری کیں۔انہوں نے صوبے کے 12 مختلف مقامات پر پیری اربن ہائوسنگ منصوبوں سے متعلق حکام کو اقدامات تیز کرنے، جہاں جہاں ممکن ہو، کام شروع کروانے اور غریب و بے گھر افراد کو اس منصوبہ سے جلد از جلد مستفید کرانے کیلئے بھی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر حکام نے صوبائی وزیر کو میڈیا کالونی ڈنگرام سوات کا ماسٹر پلان 15 جون تک مکمل کرانے کی یقین دیہانی کرائی۔ڈاکٹر امجدعلی نے مذکورہ سکیم پر کام تیز کرنے سمیت اس میں مسجد کی تعمیر کے لیے بھی امور استوار کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے جلوزئی ہائو سنگ سکیم نوشہرہ، حویلیاں ٹائون شپ ایبٹ آباد اور رہائشی منصوبہ ورسک 1پشاور کے دورے کرانے کے لیے بھی احکامات جاری کیے۔ صوبائی وزیر نے حکام کو ہائشی منصوبوں میں لگائے گئے پودوں و درختوں کی حفاظت یقینی بنانے اور تمام سکیموں کی سختی سے مانیٹرنگ کرنے سمیت ان پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انکی بر وقت تکمیل یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔