پاکستان اور چین کی تاریخی فضائی مشقوں کا آغاز

بیجنگ : دوست اور برادر ممالک پاکستان اور چین کی تاریخی فضائی مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے۔شاہین نامی فضائی مشقیں پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ کے اشتراک سے منعقد کی جاتی ہیں۔ یہ مشقیں سالانہ بنیادوں پر منعقد کروائی جاتی ہیں۔ پاکستان اور چین کی مشترکہ شاہین مشقوں کا اغاز 2001 میں ہوا تھا۔ تب سے ایک سال یہ مشقیں پاکستان جبکہ اگلے سال چین میں ہوتی ہیں۔ ان مشقوں کے دوران پاکستان اور چین دونوں ممالک کے جنیگ طیارے شامل ہوتے ہیں اور دونوں ممالک کی فضائیہ کے پائلٹس اور دیگر عملہ اپنا تربیتی معیار بہتر کرنے پر توجہ دیتے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان یہ آٹھویں سالانہ مشقیں ہیں اسی لیے انہیں شاہین 8 کا نام دیا گیا ہے۔ مشقوں کے انعقاد سے بالعموم دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات بڑھانے اور بالخصوص دونوں ملکوں کی فضائیہ کے باہم ملکر کام کرنے کا طریقہ کار وضع کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔گزشتہ سال دونوں دیرینہ دوست ملکوں کی فضائیہ کے درمیان مشترکہ تربیت پاکستان میں منعقد ہوئی تھیں جبکہ رواں برس یہ مشقیں چین میں ہو رہی ہیں۔پاکستان اور چین کی ان مشترکہ فضائی مشقوں نے بھارت کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں اور وہ مسلسل منفی پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور چین کی مشترکہ فضائی مشقوں کا انعقاد ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کے باعث جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں۔